آغا بابر کا افسانوی مجموعہ: لبِ گویا — فنی تشکیل اور سماجی معنویت

آغا بابر کا افسانوی مجموعہ ’’لبِ گویا‘‘ جدید اردو افسانے میں کردار نگاری، سماجی شعور اور فنی حکمتِ عملی کے اعتبار سے ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔ اس مجموعے میں شامل افسانے ’’ کبو، برقع گرا پارٹی، زنانہ کلب، بیوگی، کوڑے کے ڈھیر پر، مریض، غلام زہرہ مذدب، دل کی بستی عجیب بستی ہے، شاپ لفٹنگ، شہسوار، ہم بدلے نہ وہ بدلے، دستر خوان سبز پوش، مسیحائی، روح کا بوجھ، رات والے، جستجوئے جمال، وہ زندگی کی بات تھی، چارلس ہیجڑا، چال چلن ‘‘عہدِحاضر کے سماجی تضادات، اخلاقی پیچیدگیوں اور نفسیاتی کشمکش کا بامعنی اظہار ہیں۔

آغا بابر کی افسانہ نگاری کا امتیازی وصف یہ ہے کہ وہ کردار کی تشکیل کو محض انفرادی افعال تک محدود نہیں رکھتے  وہ اس کے گرد موجود سماجی ماحول، طبقاتی ساخت اور دوسرے کرداروں کے باہمی تضاد کو ایک فنی حربے کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ یہی ماحول اور متضاد کردار مرکزی کردار کی شخصیت، ذہنی کیفیت اور داخلی ارتقا کو واضح کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔

’’لبِ گویا‘‘ کے افسانوں میں کردار جامد نہیں   تدریجی نشوونما کے مراحل سے گزرتے ہیں۔ قاری کسی کردار کو یک دم مکمل صورت میں نہیں دیکھتا ،وہ سماج، حالات اور تعلقات کے دباؤ میں آہستہ آہستہ اپنی شناخت تشکیل دیتا ہے۔ افسانے جیسے ’’بیوگی‘‘، ’’چارلس ہیجڑا‘‘ اور ’’کوڑے کے ڈھیر پر‘‘ سماج کے حاشیے پر موجود کرداروں کے ذریعے طاقت، محرومی اور شناخت کے مسائل کو نمایاں کرتے ہیں۔

آغا بابر کے یہاں سماجی ادارے، رسم و رواج، مذہبی و اخلاقی تصورات اور طبقاتی تفاوت پس منظر نہیں بل کہ فعال کردار بن جاتے ہیں۔ ’’برقع گرا پارٹی‘‘، ’’زنانہ کلب‘‘ اور ’’چال چلن‘‘ جیسے افسانے جدید سماج میں اخلاقی اقدار، جنس، آزادی اور سماجی دوغلے پن کو علامتی پیرائے میں پیش کرتے ہیں۔ اس طرح افسانہ نگار فرد اور سماج کے تعلق کو ایک زندہ اور متحرک رشتے کے طور پر سامنے لاتے ہیں۔

مجموعی طور پر ’’لبِ گویا‘‘ ایک ایسا افسانوی مجموعہ ہے جو کردار، ماحول اور فکری معنویت کو باہم پیوست کر کے جدید اردو افسانے کو فنی گہرائی عطا کرتا ہے۔ آغا بابر کا اسلوب سادہ مگر تہہ دار، بیانیہ علامتی اور فکر عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہے، جو اس کتاب کو سنجیدہ قاری اور محقق دونوں کے لیے اہم بنا دیتا ہے۔

لبِ گویا

لبِ گویا ۔ از آغا بابر۔ افسانے

صفحہ:
Scroll to Top