آغا بابر: اُردو افسانہ نگاری کا فکری اور نفسیاتی مطالعہ

آغا بابر(۳۱ مارچ ۱۹۱۹ء۔۲۵ ستمبر ۱۹۹۸ء)  اُردو ادب کے اُن نمایاں تخلیق کاروں میں شمار ہوتے ہیں جنھوں نے افسانہ، ناول اور ڈرامے کی صنف میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ ان کا تعلق پاکستان سے تھا اور وہ بیسویں صدی کے اُن ادیبوں میں شامل ہیں جنھوں نے اردو افسانے کو فکری اور فنی سطح پر نئی جہات سے روشناس کرایا۔آغا بابر کی ادبی خدمات کا آغاز اُردو کے ادبی رسائل میں افسانہ نگاری لکھنے سے شروع ہوا۔

حیات و تعلیمی پس منظر

آغا بابر کی پیدائش ۳۱ مارچ ۱۹۱۹ء کو بٹالہ، ضلع گرداسپور (برطانوی ہندوستان) میں ہوئی۔ ان کا اصل نام سجاد حسین تھا۔ انھوں نے اعلیٰ تعلیم گورنمنٹ کالج لاہور اور پنجاب یونیورسٹی سے حاصل کی۔ ادبی سفر کے ابتدائی مرحلے میں وہ فلمی صنعت سے وابستہ رہے اور مکالمہ نویسی کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ قیامِ پاکستان کے بعد وہ مستقل طور پر پاکستان منتقل ہو گئے، جہاں انھوں نے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز سے وابستگی اختیار کی اور اس ادارے کے اہم جرائد مجاہد اور ہلال کی ادارت کے فرائض انجام دیے۔

سرکاری ملازمت سے سبک دوشی کے بعد آغا بابر امریکا منتقل ہو گئے اور اپنی زندگی کا بقیہ حصہ وہیں بسر کیا۔ ادبی خانوادے سے تعلق رکھنے والے آغا بابر معروف افسانہ نگار اور مورخ عاشق حسین بٹالوی اور ممتاز قانون دان اعجاز حسین بٹالوی کے بھائی تھے۔ اردو افسانہ نگاری میں ان کا مقام مستند اور تسلیم شدہ ہے۔

ادبی خدمات

آغا بابر کے افسانوی مجموعوں میں چاکِ گریباں، لبِ گویا، اڑن طشتری، کہانی بولتی ہے اور پھول کی کوئی قیمت نہیں شامل ہیں، جو ان کی فکری وسعت اور فنی مہارت کے آئینہ دار ہیں۔ ناول کے میدان میں ان کی تصنیف حوا کی کہانی خاص اہمیت رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ انھوں نے ڈراما نگاری میں بھی نمایاں کام کیا، جن کے مجموعے بڑا صاحب، سیز فائر اور گوارا ہونیش عشق کے نام سے شائع ہوئے۔ انھوں نے اپنی خود نوشت تحریر کرنے کا بھی آغاز کیا، تاہم وفات کے باعث یہ کام مکمل نہ ہو سکا۔

ان کے افسانے اپنے عہد کے معتبر ادبی رسائل، جیسے ہمایوں، ادبی دنیا، نقوش، نیا دور اور سیپ میں شائع ہوتے رہے، جس سے ان کی ادبی شناخت اور اثر پذیری کا اندازہ ہوتا ہے۔

وفات

آغا بابر ۲۵ستمبر ۱۹۹۸ءکو نیویارک، ریاستہائے متحدہ امریکا میں انتقال کر گئے۔ اردو ادب میں ان کی تخلیقی خدمات آج بھی سنجیدہ مطالعے اور تحقیقی توجہ کی متقاضی ہیں۔

آغا بابر کے افسانے: فکری، نفسیاتی اور سماجی تنقید کا جامع مطالعہ

آغا بابر کی افسانہ نگاری کا نمایاں اور امتیازی پہلو ان کے کرداروں کی نفسیاتی تشکیل ہے، جس میں لاشعوری محرکات کو نہایت گہرائی اور فنی شعور کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ ان کے افسانوی کردار محض خارجی مشاہدات یا تجربات کی سادہ بازگشت نہیں، بل کہ تخلیق کار کی فعال تخلیقی قوت کا نتیجہ ہیں، جو کردار کو محض واقعے کا حصہ نہیں رہنے دیتی  ایک مکمل نفسیاتی وجود میں ڈھال دیتی ہے۔ آغا بابر کردار کی صداقت کو سطحی بیان تک محدود نہیں رکھتے، بل کہ اس کے باطن میں اتر کر لاشعور میں پوشیدہ خوف، دباؤ اور داخلی کشمکش کو آشکار کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے کردار چاہے جتنا بھی اپنے احساسات چھپانے کی کوشش کریں، کسی نہ کسی موڑ پر ان کا لاشعوری اضطراب خود کو ظاہر کر ہی دیتا ہے، جیسا کہ افسانوں زندگی کی شام، پھیلتا ہوا کاجل اور باجی ولایت ،خالہ تاج میں واضح طور پر محسوس کیا جا سکتا ہے۔

اگرچہ آغا بابر کے ہاں جزئیات نگاری کا رجحان نمایاں ہے اور بعض مقامات پر ان کی تفصیل پسندی خاصی گہری محسوس ہوتی ہے، تاہم یہ وصف محض بیان کی طوالت تک محدود نہیں رہتا بل کہ کردار کی معنوی تشکیل، اس کی داخلی کیفیت اور قاری کی تفہیم میں مؤثر معاون ثابت ہوتا ہے۔ افسانے سبز پوش کا سائیں اور بیوگی میں ماں کے کردار  کے علاوہ فسادات کے موضوعات پر لکھے گئے ان کے افسانے کی ظاہری ساخت، طرزِ عمل اور حالات کے باریک مشاہدے کے ساتھ پیش کش، ان افسانوں کو کردار نگاری کے عمدہ نمونوں میں شامل کر دیتی ہے۔

آغا بابر کردار کے ارتقا کے لیے ماحول اور دیگر کرداروں کے باہمی تضاد کو فنی حکمتِ عملی کے طور پر بروئے کار لاتے ہیں۔ وہ کسی کردار کی شخصیت کو محض اس کے افعال کے ذریعے نہیں ابھارتے بل کہ اس کے گردوپیش کے سماجی ماحول اور اس میں موجود دوسرے کرداروں کو پیش کر کے مرکزی کردار کے خدوخال واضح کرتے ہیں۔ اس فنی تدبیر کے ذریعے وہ کردار کی تدریجی نشوونما کو نہایت مؤثر انداز میں تشکیل دینے میں بڑی حد تک کامیاب دکھائی دیتے ہیں۔

کردار کی داخلی کشمکش اور نفسیاتی اضطراب کی بہترین مثال افسانہ روشنی کا ڈبا میں ملتی ہے، جہاں رامپوری برائی کے سامنے ہتھیار ڈال دیتا ہے۔ اسی طرح افسانہ فرار میں دلاور علی کے اندر نیکی اور بدی کی کشمکش کو نہایت فطری اور غیر مصنوعی انداز میں پیش کیا گیا ہے، جب کہ باجی ولایت میں نواز کے لاشعوری خوف اور ذہنی دباؤ کی بھرپور عکاسی کی گئی ہے۔

آغا بابر کے افسانوی کردار اخلاقی ثنویت کے روایتی پیمانوں میں خود کو مقید نہیں رکھتے، بل کہ وہ زندگی کو ایک براہِ راست تجربے کے طور پر قبول کرتے ہوئے اس سے حظ اٹھانے کی خواہش کے تحت عمل کرتے نظر آتے ہیں۔ افسانہ نگار خود بھی کسی واعظانہ یا اصلاحی منصب پر فائز ہوئے بغیر، نہ تو سماجی اصلاح کا نعرہ بلند کرتا ہے اور نہ ہی کسی مخصوص اخلاقی نظریے کی تبلیغ کرتا ہے، بل کہ زندگی کو اس کی پیچیدگیوں، تضادات اور ناہمواریوں کے ساتھ پیش کرتا ہے۔نہ آئیں تم کو محبتیں کرنیں اور پھول کی کوئی قیمت نہیں کے بیش تر افسانے اس قبیل سے تعلق رکھتے ہیں، تاہم اس غیر خطی اور غیر وعظی اسلوب کے باوجود، وہ کرداروں کی ذہنی کشمکش، داخلی خوف اور فکری اضطراب کو نمایاں کر کے ان کے اعمال کے نتائج بھی واضح کر دیتا ہے۔ اس طرح قاری محض واقعے کا مشاہدہ نہیں کرتا بل کہ تخلیق کار کے تجربے اور بصیرت میں شریک ہو کر زندگی کے ممکنہ نتائج اور انسانی رویّوں کے انجام سے آگاہی حاصل کرتا ہے، جو شعوری سطح پر زندگی کے فہم کو گہرا کرتی ہے۔

مجموعی طور پر آغا بابر کے افسانوں میں مرد کردار اکثر حسی آسودگی اور لذت پسندی کے رجحان کے حامل دکھائی دیتے ہیں، جب کہ عورتیں طبقاتی تقسیم سے بالاتر ہو کر، خواہ وہ مرفہ الحال ہوں، متوسط طبقے سے وابستہ ہوں یا نچلے سماجی درجے سے تعلق رکھتی ہوں ،اخلاقی عدم استحکام، ذمہ داریوں سے بے اعتنائی اور جدیدیت کے نام پر مساواتِ جنس کے جنونی تصور میں اپنی تہذیبی حدود سے تجاوز کرتی نظر آتی ہیں۔ اس تناظر میں آغا بابر کے افسانوی مرد و زن دونوں عہدِ حاضر کی بدلتی ہوئی تہذیبی قدروں، باہمی بداعتمادی، نفسیاتی انتشار، رشتوں کی کشیدگی اور سماجی سطح پر پیدا ہونے والے ابلاغی خلاکی علامت بن کر سامنے آتے ہیں۔ بالخصوص آغا بابر کے ہاں عورت کا کردار مردانہ اقتدار اور سماجی بالادستی کے رائج ڈھانچے کے خلاف ایک احتجاجی آواز کے طور پر ابھرتا ہے، جو تہذیبِ جدید کی نمائندگی کرتے ہوئے روایت سے انحراف کا استعارہ بن جاتا ہے۔خالہ تاج،چارلس ہیجڑا اور چٹھی رساں ایسے افسانوں کی عمدہ مثال ہے۔

آغا بابر کے افسانوی کینوس میں کرداروں کی دنیا نہایت وسیع اور متنوع ہے، جس میں گھریلو زندگی سے وابستہ عورتیں، نوعمر اور نوجوان لڑکیاں، معمولی دفتری ملازمین، صحافت، فلم، ریڈیو اور دیگر فنونِ لطیفہ سے منسلک افراد، تعلیمی مراحل سے گزرتے طلبہ و طالبات، تھانہ و کچہری کے نظام سے جڑے کردار، مذہبی، اخلاقی اور معاشرتی پابندیوں کی علانیہ یا پوشیدہ خلاف ورزی کرنے والے مرد و عورتیں، جدید تہذیب کے زیرِ اثر پرورش پانے والے افراد، ڈاک رساں، ہسپتالوں کے مریض، نرسیں، معالج، تعلیم یافتہ و غیر تعلیم یافتہ طبقے، امیر و غریب گھرانوں کے میاں بیوی اور طوائفیں تک شامل ہیں۔ اس کردار ی تنوع کے باعث آغا بابر کے افسانوں میں زندگی اپنی تمام تر تلخیوں، لطافتوں، رنگا رنگ تجربات اور متضاد حقیقتوں کے ساتھ ایک متحرک اور جیتی جاگتی صورت میں قاری کے سامنے جلوہ گر ہو جاتی ہے۔

آغا بابر کے افسانے،ڈرامے اور خود نوشت

لبِ گویا۔افسانے۔آغا بابر

آغا بابر کا افسانوی مجموعہ ’’لبِ گویا‘‘ جدید سماج کی بدلتی قدروں، نفسیاتی انتشار اور رشتوں کی کشیدگی کا فنّی اظہار ہے۔ ان افسانوں میں کرداروں کی تشکیل ماحول اور باہمی تضاد کے ذریعے کی گئی ہے، جس سے ان کی شخصیت تدریجی طور پر ابھرتی ہے۔ بالخصوص عورت کا کردار مردانہ اقتدار کے خلاف احتجاجی علامت بن کر سامنے آتا ہے، جو روایت سے انحراف اور تہذیبی تبدیلی کی نمائندگی کرتا ہے۔

آغا بابر کا افسانوی مجموعہ ’’لبِ گویا‘‘ جس میں جدید سماجی مسائل اور عورت کے احتجاجی کردار کو پیش کیا گیا ہے۔
لبِ گویا۔افسانے۔آغا بابر

کہانی بولتی ہے۔افسانے۔آغا بابر

آغا بابر کا افسانوی مجموعہ ’’کہانی بولتی ہے‘‘ انسانی ذہن اور لاشعور کی پیچیدہ کیفیات کا فنّی اظہار ہے۔ ان افسانوں میں کردار محض واقعات کے تابع نہیں ، اپنی داخلی کشمکش، خوف اور دباؤ کے ساتھ ایک مکمل نفسیاتی وجود بن کر سامنے آتے ہیں۔ مصنف نے کرداروں کے باطن میں اتر کر ان کے لاشعوری محرکات کو نمایاں کیا ہے، جس سے کہانی صرف بیان نہیں بل کہ خود بولتی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔


 

آغا بابر کا افسانوی مجموعہ ’’کہانی بولتی ہے‘‘ جس میں نفسیاتی افسانہ نگاری اور کرداروں کے لاشعوری محرکات کو پیش کیا گیا ہے۔
کہانی بولتی ہے۔افسانے۔آغا بابر

پھول کی کوئی قیمت نہیں۔افسانے۔آغا بابر

افسانہ ’’پھول کی کوئی قیمت نہیں‘‘ انسانی ہمدردی، نیکی اور خلوص کی طاقت کو علامتی انداز میں پیش کرتا ہے۔ بابا مراد کی غربت، تاج دین کی مدد اور امیر بیگم کی رحم دلی ایک ایسے رشتے میں بدل جاتی ہے جو موت کے بعد بھی قائم رہتا ہے۔ افسانہ یہ پیغام دیتا ہے کہ اصل دولت پیسہ نہیں بل کہ نیکی ہے، کیوں کہ پھول کی طرح محبت کی بھی کوئی قیمت نہیں ہوتی۔

آغا بابر کا افسانہ ’’پھول کی کوئی قیمت نہیں‘‘ جو انسان دوستی، نیکی اور علامتی حقیقت نگاری کی عکاسی کرتا ہے۔
پھول کی کوئی قیمت نہیں۔افسانے۔آغا بابر

چاکِ گریبان۔افسانے۔آغا بابر

آغا بابر کا افسانوی مجموعہ ’’چاکِ گریباں‘‘ عصری زندگی کے باطن میں اترنے کی ایک بامعنی کوشش ہے۔ اس مجموعے میں شامل افسانے — تعجب، بڑے میاں سو بڑے میاں، فرار، زندگی کی شام، میری سالیاں، طلبہ کی فریاد، ایک خط جو سنسر ہو گیا، محبت مسبب — انسانی زندگی کے مختلف سماجی، نفسیاتی اور جذباتی پہلوؤں کو نمایاں کرتے ہیں۔

آغا بابر کی نامکمل خودنوشت ’’چاکِ گریباں‘‘ جس میں ان کی ذاتی زندگی اور ادبی سفر کے حالات بیان کیے گئے ہیں۔
چاکِ گریبان۔افسانے۔آغا بابر

بڑا صاحب۔ڈراما۔آغا بابر

ڈراما ’’بڑا صاحب‘‘ تین ایکٹ پر مشتمل ہے جس میں تحصیل دار، منصف، ہیڈ ماسٹر، ہیلتھ آفیسر، پوسٹ ماسٹر اور دیگر کرداروں کے ذریعے کرپشن، خوف اور اخلاقی زوال کو نمایاں کیا گیا ہے۔ یہ ڈراما دکھاتا ہے کہ کس طرح اقتدار اور لالچ انسان کو گناہوں کی دلدل میں دھکیل دیتے ہیں اور انجام کار یہی برائیاں اس کے لیے وبالِ جان بن جاتی ہیں۔ آغا بابر نے طنز و مزاح اور حقیقت نگاری کے امتزاج سے معاشرتی گندگی کو بے نقاب کیا ہے۔

آغا بابر کا اردو ڈراما ’’بڑا صاحب‘‘ جس میں کرپشن اور سماجی برائیوں کی عکاسی کی گئی ہے۔
بڑا صاحب۔ڈراما۔آغا بابر
Scroll to Top