امیر خسرو: اردو زبان، صوفیانہ جمالیات اور تہذیبی ہم آہنگی کا فکری استعارہ

ابوالحسن یمین الدین امیر خسرو کی شخصیت برصغیر پاک و ہند کی علمی، ادبی اور ثقافتی تاریخ میں ایک ایسے بلند و استوار مینار کی مانند جلوہ گر ہے جس کی ضوفشانی صدیوں کے فاصلے کے باوجود کم نہیں ہوئی۔ وہ محض ایک شاعر نہیں بل کہ عہد ساز عبقری تھے، جن کی ذات میں شاعری، موسیقی، تصوف، تاریخ اور لسانیات ایک ہمہ گیر وحدت کی صورت میں جمع ہو گئیں۔ ان کی زندگی دربار کی ظاہری شان و شوکت اور خانقاہ کی باطنی سادگی کے درمیان ایک ایسا نادر توازن پیش کرتی ہے جو انسانی تاریخ میں کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔

امیر خسرو کا خاندانی پس منظر

امیر خسرو کی ولادت یوپی کے قصبے پٹیالی میں ہوئی۔ ان کا خاندانی پس منظر ترک النسل تھا، ان کے والد امیر سیف الدین محمود منگول فتنوں کے سبب ہجرت کر کے ہندوستان آئے اور سلطنتِ دہلی سے وابستہ ہوئے۔ والد کی کم سنی میں شہادت کے بعد امیر خسرو کی پرورش ان کے نانا عماد الملک کی آغوشِ تربیت میں ہوئی، جہاں علمی ماحول، درباری شعور اور تہذیبی وقار نے ان کی شخصیت کی بنیاد رکھی۔

ابتدائی عمر ہی میں ان کی ذہانت اور ذوقِ مطالعہ نمایاں ہو گیا۔ خطاطی اور خوشنویسی میں انھیں اساتذہ کی صحبت نصیب ہوئی، شاعری میں اصلاح کے لیے انھوں نے اہلِ فن سے رجوع کیا اور دینی و عقلی علوم میں بھی دسترس حاصل کی۔ یہ تربیت محض رسمی نہ تھی بل کہ ان کے شعری اسلوب، فکری وسعت اور زبان کی روانی میں گہرائی کے ساتھ رچ بس گئی۔

ان کی زندگی کا سب سے فیصلہ کن موڑ حضرت نظام الدین اولیاء سے روحانی وابستگی تھی۔ یہ تعلق مرشد و مرید کا محض ظاہری رشتہ نہیں ، دلوں کے اتصال اور روحوں کے مکالمے کا نام تھا۔ مرشد کی محبت اور صحبت نے امیر خسرو کے فن کو وہ روحانی بالیدگی عطا کی جس نے ان کے کلام کو محض لفظوں کا مجموعہ نہیں وجد، عشق اور معرفت کا آئینہ بنا دیا۔ مرشد کی وفات پر ان کا غم، ان کی شاعری اور ان کے دوہوں میں اس شدت سے ظاہر ہوتا ہے کہ قاری بھی اس کرب کا شریک ہو جاتا ہے۔

تصانیف

امیر خسرو کی تصانیف کی تعداد  اچھی خاصی ہے، ان میں منظومات  زیادہ ہیں، انھوں نے اپنی زندگی میں تقریباً پانچ لاکھ  اشعار لکھے۔ ان کے دیوان چار ہیں جو خود ان کے مرتب کیے ہوئے ہیں۔ انھوں نے اپنے چاروں مجموعوں کے نام  بھی خود رکھے۔

تحفتہ الصفر            وسط الحیوٰۃ           غرۃ الکمال           بقیہ نقیہ

۔۵۔اعجاز خسروی۔ایک ضخیم کتاب ہے جو فارسی زبان کے قواعد و بلاغت پر لکھی ۔

۔۶۔مطلع السعدین               ۷۔شیریں خسرو                ۸۔دیوان نہایت الکمال                   ۹۔لیلیٰ مجنوں

۔۱۰۔آئینہ سکندری              ۱۱۔مثنوی قران السعدین         ۱۲۔مثنوی نہ سپر               ۱۳۔مثنوی مفتا ح الفتوح

۔۱۴۔مثنوی خضر خاں و دول رانی             ۱۵۔تغلق نامہ       ۱۶۔خزائن الفتوح یا تاریخ علائی              ۱۷۔افضل الفواد۔۔۔۔(۱)

لسانی تشخص اور اردو زبان کی ابتدائی صورت گری

لسانی اعتبار سے امیر خسرو کا سب سے بڑا کارنامہ یہ ہے کہ انھوں نے فارسی اور مقامی ہندوی بولیوں کے درمیان ایک مضبوط پل قائم کیا۔ ان کی پہیلیاں، مکرنیاں اور دوہے عوامی زبان میں کہے گئے مگر فکری گہرائی سے خالی نہیں۔ ان کا کلام اس امر کی دلیل ہے کہ زبان جب دل سے نکلتی ہے تو طبقاتی سرحدیں عبور کر لیتی ہے۔ فارسی اور ہندوی کی آمیزش نے ایک ایسے اسلوب کو جنم دیا جو آگے چل کر اُردو زبان کی بنیاد بنا۔

خسرو کی طرف جو کتابیں منسوب ہیں ان میں خالق باری اور افضل الفوائد اہم ہیں۔۔۔۔(۲)

انھوں نے فارسی کے سانچے میں ہندوی الفاظ کو اس طرح سمویا کہ ایک نئی لسانی فضا قائم ہو گئی۔ یہ فضا نہ صرف عوامی جذبات کی ترجمان بنی بل کہ آئندہ صدیوں میں اُردو زبان کی بنیاد بھی یہی بنی۔ خسرو کے دوہے، گیت، پہیلیاں اور عوامی بندشیں زبان کے اس ابتدائی شعور کی نمائندگی کرتی ہیں جہاں لفظ محض صوتی اکائی نہیں رہتا، تہذیبی تجربے کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔

بسنت کے رنگ میں ڈوبا ہوا ان کا ہندوی کلام فطرت، انسان اور روحانی سرشاری کے مابین گہرے ربط کو آشکار کرتا ہے

سگل بن پھول رہی سرسوں

بن بن پھول رہی سرسوں
امبوا پھوٹے، ٹیسو پھولے
کوئل کوکے ڈار ڈار
اور گوری کرت سنگار

یہ اشعار محض موسمی منظر نگاری نہیں، یہ اس تہذیبی شعور کا اظہاریہ ہیں جو زمین، موسم اور انسانی احساس کو ایک ہی دائرے میں سمو لیتا ہے۔

صوفیانہ وابستگی اور روحانی مرکزیت

امیر خسرو کی فکری زندگی کا حقیقی مرکز ان کی روحانی وابستگی ہے جو انھیں حضرت نظام الدین اولیاء سے حاصل ہوئی۔ یہ تعلق رسمی مریدی سے کہیں بلند تر تھا۔ یہ وہ رشتہ تھا جس میں شخصیت تحلیل ہو کر معنویت میں ڈھل جاتی ہے۔ مرشد کی قربت نے خسرو کی تخلیقی حس کو ایک ایسی گہرائی عطا کی جس میں سوز، سپردگی اور باطنی اضطراب یک جا ہو گئے۔

مرشد کی وفات پر کہا گیا ان کا مشہور دوہا صوفیانہ ادب میں فراقِ مرشد کا دائمی استعارہ بن چکا ہے

گوری سووے سیج پر، مکھ پر ڈارے کیس
چل خسروؔ   گھر اپنے، رین بھئی چہوں دیس

یہ اشعار صرف ذاتی غم کا اظہار نہیں، یہ اس لمحۂ انقطاع کی ترجمانی ہیں جہاں دنیا کی ساری سمتیں اجڑ جاتی ہیں اور انسان وجودی تنہائی کے کرب سے دوچار ہو جاتا ہے۔

فارسی شاعری، رمزیت اور فکری بالیدگی

امیر خسرو کی فارسی شاعری ان کے فکری وقار کا وہ پہلو ہے جو انھیں عالمی ادبی روایت سے جوڑتا ہے۔ ان کے فارسی دیوان محض الفاظ کی صناعی نہیں، ان میں رمزیت، وجدانی کیفیت اور صوفیانہ ادراک کی تہیں نمایاں ہیں۔ ان کی غزلوں میں محبوب، کائنات اور ذاتِ الٰہی ایک ہی معنوی سلسلے کی کڑیاں معلوم ہوتی ہیں۔

نمی دانم چہ منزل بود شب جائے کہ من بودم
بہ ہر سو رقصِ بسمل بود شب جائے کہ من بودم

پری  پیکر نگارے سرو قدے لالہ رخسارے

شراپا آفت دل بود شب جائے کہ من بودم

یہاں شاعر ایک ایسی روحانی واردات بیان کرتا ہے جہاں زمان و مکاں تحلیل ہو جاتے ہیں اور انسان خود کو ایک ازلی تجربے کے سامنے پاتا ہے۔ یہی کیفیت خسرو کی شاعری کو محض عہد کی آواز نہیں رہنے دیتی، وہ ہر دور کے قاری سے مکالمہ کرنے لگتی ہے۔

امیر خسرو فارسی اور ترکی خوب جانتے تھے۔کہتے ہیں انھوں نے صرف فارسی میں ہی  چار لاکھ شعر کہے تھے۔ ان کے فارسی قصیدے ، نظمیں تو چھپ کر  محفوظ ہو گئی ہیں لیکن ہندی کا کلام ضائع ہوگیا یا بکھر گیا ہے۔۔۔۔(۳)

فارسی شاعری میں انھوں نے دیوانوں کی ترتیب کے ذریعے اپنے فن کی وسعت اور تنوع کو ثابت کیا۔ ان کی غزلوں میں عشقِ مجازی اور عشقِ حقیقی اس طرح ہم آہنگ نظر آتے ہیں کہ قاری فیصلہ نہیں کر پاتا کہ یہ دربار کی نغمگی ہے یا خانقاہ کی سرشاری۔ ان کے اشعار میں سوز بھی ہے، گداز بھی اور فکری رفعت بھی، یہی وجہ ہے کہ ان کی فارسی شاعری نے بعد کے بڑے شعرا کو متاثر کیا۔

موسیقی، قوالی اور روحانی جمالیات

موسیقی کے میدان میں ان کا مقام کسی سے کم نہیں۔ انھوں نے ایرانی نغمگی کو ہندوستانی سروں کے ساتھ اس طرح ہم آہنگ کیا کہ قوالی جیسی صنف وجود میں آئی۔ قول، قلبانہ اور ترانہ جیسی اصناف کی تخلیق ہو یا موسیقی کے آلات سے منسوب روایات، ہر جگہ ان کی تخلیقی جرات اور فنی بصیرت نمایاں ہے۔ موسیقی ان کے ہاں محض تفریح نہیں  ایک  روحانی واردات بن جاتی ہے۔

سیاسی اور درباری زندگی میں بھی وہ محض خوشامدی شاعر نہیں تھے ،عہد کے نباض تھے۔ انھوں نے متعدد سلاطین کے ادوار دیکھے اور تاریخی مثنویوں کے ذریعے اس زمانے کے سیاسی و سماجی حالات کو محفوظ کر دیا۔ اس کے باوجود ان کی روح دربار کے شور سے زیادہ خانقاہ کی خاموشی سے وابستہ رہی، یہی تضاد دراصل ان کی شخصیت کی اصل قوت ہے۔

امیر خسرو کو صرف اردو زبان کا ابتدائی شاعر یا صوفی موسیقی کا بانی کہنا ان کی شخصیت کو محدود کرنا ہے۔ وہ ایک تہذیبی شعور، ایک فکری روایت اور ایک روحانی تجربے کا نام ہیں۔ ان کا کلام اس لیے زندہ ہے کہ وہ عوامی احساس، باطنی سچائی اور جمالیاتی توازن پر قائم ہے۔ یہی عناصر انھیں برصغیر کی تاریخ میں ہمیشہ کے لیے زندہ رکھتے ہیں۔

تنقیدی نگاہ سے دیکھا جائے تو امیر خسرو کی عظمت ان کی ہمہ گیری میں پوشیدہ ہے۔ وہ قصیدہ گو بھی ہیں اور قوال بھی، فارسی کے استاد بھی ہیں اور ہندوی کے ترجمان بھی۔ ان کے کلام میں ہندوستان کی مٹی کی خوشبو، موسموں کی رنگینی، پرندوں کی چہکار اور انسانی جذبات کی صداقت ملتی ہے، اسی لیے انھیں طوطیِ ہند کہا گیا۔

حاصلِ کلام یہ کہ امیر خسرو اس تہذیب کے اولین معمار ہیں جسے گنگا جمنی تہذیب کہا جاتا ہے، جہاں زبان، مذہب اور ثقافت کی دیواریں گر کر محبت اور انسانیت کا راستہ ہموار ہوتا ہے۔ ان کا کلام آج بھی زندہ ہے، قوالیوں میں گونجتا ہے، لوک گیتوں میں بہتا ہے اور ادبی محفلوں میں روشن چراغ کی مانند فروزاں ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اصل فن وقت کی قید سے آزاد ہوتا ہے۔

حوالے

۔(۱) دیوانِ امیر خسرو دہلوی، ترتیب و تہذیب  ڈاکٹر انوار ُ الحسن ،نول کشور اکیڈمی لکھنؤ، ۱۹۶۷ء،ص۳۲۔۳۳

۔(۲) امیر خسرو احوال و آثار مرتبہ ڈاکٹر نور الحسن  انصاری ،کوہ نور پریس دہلی، اکتوبر ۱۹۷۵ء،ص۱۰

۔(۳) امیر خسرو، سلمیٰ اجمیری،لبرٹی آرٹ پریس دریا  گنج ،دہلی،۱۹۷۶ء،ص۴۹

امیر خسرو کی کتب

دیباچہ غرۃ الکمال، دیوانِ امیر خسرو کا فکری و ادبی مقدمہ، فنِ شاعری پر کلاسیکی تحریر

دیباچہ غرۃ الکمال بمع اُردو ترجمہ تجزیہ

دیباچہ غرۃ الکمال ابوالحسن یمین الدین امیر خسرو کے تیسرے دیوان کا فکری و تنقیدی مقدمہ ہے، جس میں فنِ شاعری، زبان اور ادبی جمالیات پر گہری بصیرت ملتی ہے۔
یہ تعارف اردو و فارسی ادب، امیر خسرو کی تصانیف، غرۃ الکمال دیباچہ اور کلاسیکی ادبی نظریات کے مطالعے کے لیے نہایت اہم اور مستند ماخذ ہے۔یہاں اس دیباچے کا اردو تجزیہ بھی ملاحظہ کیجیے۔

دیوانِ امیر خسرو کا مستند مخطوطہ، فارسی و اردو شاعری کا کلاسیکی ادبی ورثہ

دیوانِ امیر خسرو

دیوان امیر خسرو فارسی و ہندوی شاعری کا عظیم شاہکار ہے، جس میں صوفیانہ فکر، فنی جدت اور تہذیبی ہم آہنگی نمایاں نظر آتی ہے۔
یہ دیوان برصغیر کی کلاسیکی ادبی روایت، امیر خسرو کی شعری بصیرت اور فکری وسعت کو سمجھنے کے لیے ایک مستند اور اہم ماخذ ہے۔

Scroll to Top