علامہ اقبال کے مکتبہ فکر سے تعارف کروانے اور اقبال کے فلسفہ کا مطالعہ کرنے کی خاطر کئی محققین نے علامہ اقبال کا نہ صرف مطالعہ کیا بل کہ ان کے لیے ایک نیا دبستان ’اقبالیات‘ کے نام سے متعارف کروایا۔اقبال پر تحقیقی کتب میں ان کے فکری نظام، فلسفۂ خودی، تصورِ ملت، سیاسی شعور اور فکری ارتقا کا منظم اور سائنسی مطالعہ کیا گیا ہے۔ یہ کتب اقبالیات کے اس پہلو کی نمائندگی کرتی ہیں جہاں متن، حوالہ، تاریخی تناظر اور علمی استدلال کے ذریعے اقبال کے افکار کو سمجھنے کی کوشش کی گئی ہے۔ علامہ اقبال کی زندگی ،شاعری اور فکر کو سمجھنے کی خاطر علمی و تحقیقی کتب کوایک جگہ یک جا کرنے کی کوشش کی گئی ہے تا کہ اقبالیات سے تعلق رلکھنے والے طلبہ اور قارئین کا علمی سرمایہ میسر آسکے۔
اقبال کا انسان کامل۔ ڈاکٹر محمد عمر کی تحقیقی و تنقیدی تصنیف ہے جس میں انھوں نے دیگر مذاہب کا تحقیقی و فکری جائزہ لیتے ہوئے مذہب اسلام کی روح سے علامہ اقبال کی فکری اساس اور اقبال کے انسان کامل کو سمجھنے کی کوشش کی ہے۔
فکرِ اقبال۔ڈاکٹر خلیفہ عبد الحکیم کی تحقیقی و تنقیدی تصنف ہے جس میں خلیفہ صاحب نے علامہ اقبال کے فلسفہ و فکر کو گہرائی سے پرکھنے کی جستجو کی ہے اور مبسوط انداز میں علامہ اقبال کے کلام پرتجزیہ کیا ہے۔
خرم علی شفیق نے اپنی اس تصنیف ۔اقبال تشکیلی دور۔میں علامہ اقبال کی ابتدائی نظموں بالخصوص قیام یورپ کا مطالعہ، تشریح،فلسفیانہ جائزہ لینے کے علاوہاں کی زندگی کے خاص ادوار کا مطالعہ بھی کیا ہے۔
اُردو میں علامہ اقبال شخصیت اور فکرو فن کے عنوان سے مشہور محقق ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی نے اختصاص کے ساتھ اکادمی ادبیات کے لیے علامہ اقبال کی زندگی ،شاعری ،فکرو، فن پر مبسوط کام کیا ہے۔
صہبا لکھنوی نے اپنے قیام بھوپال کے دوران علامہ اقبال سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور علامہ اقبال کے خطوط حاصل کیے نیز اُن مقامات پر گئے جہاں علامہ اقبال نے اپنے ایام گزارے تھے اور ان یادداشتوں اور خطوط کا تجزیہ کرتے ہوئے یہ تصنیف ۔اقبال اور بھوپال۔ تحریر کی۔
اقبال درونِ خانہ۔خالد نظیر صوفی کی تحریر کردہ علامہ اقبال کی ایک اہم اور قابل قدر سوانح حیات ہے جو اُن یادداشتوں پر مشتمل ہے جو مصنف موصوف کی والدہ کی یادوں پر مشتمل ہیں جو کہ علامہ اقبال کے بڑے بھائی شیخ عطا محمد کی سب سے چھوٹی بیٹی تھیں اور علامہ اقبال کی بیگم ،جاوید صاحب کی والدہ، نے دو برس کی عمر میں انھیں گود لیا تھا۔
اقبال شناسی‘‘ معروف ترقی پسند شاعر اور نقاد علی سردار جعفری کی تصنیف ہے جس میں علامہ محمد اقبال کی شاعری، فکر اور نظریاتی پہلوؤں کا تنقیدی و تجزیاتی مطالعہ پیش کیا گیا ہے۔ یہ کتاب اقبال کی فکری تشکیل، ادبی مقام اور عصری معنویت کو سمجھنے کے لیے ایک معتبر اور اہم حوالہ شمار ہوتی ہے۔